Sunday 3 August 2014

یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟

تبدیلی ایکسپریس کا آغاز 30 اکتوبر 2011 کو مینار پاکستان کے سائے تلے ہوا کچھ لوگ آج تک تبدیلی کا انتظار کررہے ہیں لیکن میرے نزدیک تو تبدیلی آگئی ہے بلکہ تبدیلی تو اسی دن آگئی تھی جب میاں اظہر صاحب نے اپنے سیاسی یتیموں کے ساتھ تبدیلی ایکسپریس میں سواری کرلی تھی جب ہر اتوار کے اتوار نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں پر دھرنے دئیے جاتے تھے لیکن ان دھرنوں کو نیٹو سپلائی کے راستوں سے دور رکھا جاتا تھا تاکہ کنٹینرز کو گزرنے میں کوئی دشواری نہ ہو یہ تبدیلی کیا کم ہے کہ ان دھرنوں سے کنٹینرز کو گزرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی اور رہی بات ڈرون کی تو جناب اب چھوڑئیے کہاں ہم اور کہاں امریکہ بہادر؟  مینار پاکستان کی سحر انگیز تقریر کے بعد تبدیلی لانے کے لئے ساری جماعتوں کے سیاسی یتیم جوک در جوک تبدیلی ایکسپریس پر چڑھنا شروع ہوگئے اور قوم کو یہ بتایا گیا کہ اگر ان لوگوں کو ساتھ نہ ملایا گیا تو الیکشن کون لڑے گا؟ اس مافیا سسٹم کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنے ساتھ بڑے مافیا کو ملا لینا تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟  گاؤں گاؤں شہر شہر جاکر ان پولیٹیکل مافیا کو اپنی پارٹی میں ملایا گیا بڑے بڑے جلسے کئے گئے خود سوچئیے اگر ان کو ساتھ نہ ملایا جاتا تو ان جلسوں، ریلیوں اور دھرنوں کا خرچہ کہاں سے آتا؟ مختلف پروگراموں میں جاکر لکھ کردیا گیا کہ میری پارٹی الیکشن سویپ کرے گی جبکہ بلوچستان اور سندھ میں سرے سے الیکشن کمپین نام کی کوئی چیز چلائی ہی نہ گئی اور کروڑوں روپے لگا کر دو جلسے کئے گئے اور ان کو اپنے پاپولر ہونے کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا بیشتر سیٹوں پر امیدوار ہی نہ کھڑے کئے گئے یہ تبدیلی نہیں تو کیا ہے؟ قوم کو یہ یقین دلایا گیا کہ لاکھوں تبدیلی رضاکار پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہوں گے جو کہ دھاندلی کرنے والوں کو بلوں سے ماریں گے لیکن الیکشن والے دن تمام تبدیلی رضاکار کہاں گئے اس کا آج تک جواب نہیں دیا گیا؟ یہی تو اصل تبدیلی ہے؟ صرف پنجاب سے درجنوں سیٹوں سے آپ کے امیدواروں کی زمانتیں ضبط ہوجائیں ( ان کی تعداد پچاس سے اوپر ہے) متعدد سیٹوں پر آپ کے امیدوار ہی کھڑے نا ہوں لیکن پھر بھی آپ کے ساتھ تاریخی دھاندلی ہوجائے اور آپ الیکشن سویپ کے دعوے بھی کریں؟  آخر یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟ 
چیف الیکشن کمشنر آپ کی مرضی سے لگے جس کی ایمانداری کے آپ چرچے کریں اور اس بیچارے کی مخالفت کے باوجود آپ کی مرضی کے رئٹرنگ آفیسر لگائے جائیں پھر الیکشن ہارنے کے بعد سارا ملبہ چیف الیکشن کمشنر اور رئٹرنگ آفیسر پر ڈال دیا جائے اس غریب چیف الیکشن کمیشنر کی ساری عمر کی نیک نامی کا بیڑاغرق کردیا جائے یہی تو اصل تبدیلی ہے؟
چیف جسٹس افتخار چوہدری کو قوم کا مسیحا قرار دیا جائے قانون کی حکمرانی قائم کرنے والا قاضی کہا جائے اس کے ہر فیصلے کو قانون اور آئین کی بالادستی کے ساتھ جوڑا جائے اس کی بحالی کے لئے تاریخی وکلا تحریک کا حصہ بنا جائے چیف الیکشن کمشنر کی مخالفت کے باوجود افتخار چوہدری سے عدلیہ سے الیکشن کرانے کا فیصلہ لیا جائے بلکہ رئٹرنگ آفیسرز کو تاریخی اختیارات دلوائیں جائیں پھر الیکشن ہارنے کے بعد اسی افتخار چوہدری پر تاریخی دھاندلی اور فراڈ کا الزام عائد کیا جائے؟ جب آپ یہ بتانے سے قاصر ہوں وہی رئٹرنگ آفیسرز خیبرپختون میں بھی تھے وہاں دھاندلی کیوں نہ کرسکے؟ چیف جسٹس کا دست راست جج خیبر کا الیکشن کمشنر تھا وہ دھاندلی سے آپ کو کیوں نا ہرا سکا؟ یہی تو حقیقی تبدیلی ہے جس کا وعدہ کیا گیا تھا؟
جب آپ قوم کو یہ بھی نہ بتائیں کہ "الیکشن ٹربیونل دھڑا دھڑ آپ کی پٹیشن پر فیصلے سنا رہا ہے بلکہ آپ کی طرف سے پنجاب میں دائر کی گئی بیشتر انتخابی عزداریوں کا فیصلہ ہوچکا جن میں سے ایک بھی آپ کے حق میں نہ ہوا جن پر فیصلہ آنا باقی ہے وہ الیکشن ٹربیونل سے زیادہ امیدواروں کا قصور ہے جنہوں نے عدالتوں سے رجوع کرلیا" ( 41 کے قریب فیصلے آچکے ) جب آپ کہیں کہ ہمیں انصاف نہیں مل رہا تو قوم کو یہ بھی نہ بتائیں کہ ساری دنیا میں انصاف کا یہی طریقہ ہے الیکشن کمیشن جائیں اگر فیصلے سے مطمن نہ ہوں تو عدالت جائیں اگر پھر بھی کوئی کمی رہ جائے تو پارلیمنٹ کے زریعے آئین میں ترامیم کرائیں؟ جب آپ مختلف چینلز اور جلسے جلوسوں میں یہ کہیں کہ حکومت ہمیں انصاف نہیں دے رہی لیکن آپ قوم کو وہ گیدڑ سنگی نا بتائیں کہ حکومت کس طریقے سے دو اداروں الیکشن کمیشن اور عدالتوں کے کام میں مداخلت کرے کہ آپ کو کوئی انوکھا انصاف میسر آسکے جس کے لئے لاکھوں پاکستانی عدالتوں میں دھکے کھا رہے ہیں؟  یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟
پاکستان کے سب سے بڑے چینل پر سب سے زیادہ کوریج حاصل کی جائے ان کے ساتھ مل کر سیلاب زدگان کے لئے دنوں تک چندہ مہم چلائی جائے الیکشن والے دن ہسپتال کے باہر سے آپ کے لئے پروگرام کئے جائیں آپ کی تصویر والے اسکارف پہنے لوگ الیکشن والی رات ٹی وی پر آکر بیٹھیں اور ووٹ مانگیں "یورپین یونین کی رپورٹ کے مطابق آپ کی پارٹی کو اس چینل نے سب سے زیادہ کوریج دی جو دو بڑی پارٹیوں کے مقابلے میں بہت زیادہ تھی" لیکن اچانک الیکشن ہارنے کے بعد آپ کو خواب آئے کہ یہ چینل تو میرے خلاف سازش کررہا تھا؟ جب آپ سخت سوال کرنے پر اینکر کی چینل سے چھٹی کروا دیں جب آپ ایک صحافی کو صرف اس لئے دشمن ڈیکلیئر کردیا ھائے کہ اس نے  سوال اٹھائےل؟  یہ تبدیلی نہیں تو کیا ہے؟
دنیا کے بڑے بڑے ادارے جیسے "یورپین یونین آبزرور، کامن ویلتھ، HRCP, نیپال الیکشن کمیشن، فافن، گیلپ وغیرہ الیکشن 2013 کو تاریخی ریٹنگ دیں پاکستان کی تاریخ کا شفاف ترین الیکشن قرار دیں اور اس کے مقابلے میں الیکشن 2002 اور 2008 کو بدترین ریٹنگ ملے لیکن ان الیکشن کے رزلٹ کو آپ مان لیں لیکن 2013 کے الیکشن کو فراڈ قرار دیں کیونکہ وہ ڈکٹیٹر کے نیچے ہوئے تھے اور یہ تاریخی آئینی اصطلاحات کے بعد"؟ چلیں اپنے پارٹی الیکشن میں ہونے والی تاریخی دھاندلی پر ہی کوئی ایکشن لیا ہوتا جب جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے پوری پارٹی پر قبضہ کرلیا؟ لیکن اگر یہ سب کچھ کر لیتے تو تبدیلی کیسے آتی ؟
جن لوگوں کو آپ نیشنل ٹی وی پر آکر چپڑاسی کا درجہ دیتے ہوں اور کہیں کہ اللہ نہ کرے کبھی آپ کو ان جیسی سیاست کرنی پڑے جن لیڈروں کو آپ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ڈیکلیئر کریں لیکن اپنے پولیٹیکل benefit کے لئے ان کے ساتھ ہاتھ ملا لیں اس سے بڑی تبدیلی کیا کبھی آپ نے دیکھی یا سنی؟ 
یہ جانتے بوجھتے کہ ووٹوں کی thumb verification جعلی سیاہی کی وجہ سے ناممکن ہے اور اس حکومت کا اس کرپشن سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کا جواب چئیرمین نادرا، الیکشن کمیشن یا پھر PCISR کے پاس ہے کہ آخر کس کی غلطی ہے کون کون کرپشن میں حصہ دار ہے؟ لیکن جانتے بوجھتے سارا الزام منتخب حکومت پر ڈال دو اپنے پولیٹکل فائدے کے لئے؟ جب آپ کو پتہ ہو کہ نگران سیٹ اپ پورے ملک میں پیپلزپارٹی کی مرضی کا آیا لیکن پھر بھی آپ منتخب حکومت پر 35 پنکچر کا الزام لگائیں اور وعدہ کے باوجود دھاندلی ٹیپ غریب عوام سے شئیر نہ کریں؟ یہ تو چھوڑیں فوجی بریگیڈئر پر دھاندلی کا الزام لگایا جائے اور لیکن اس بریگیڈئر کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے؟  یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟
لاکھوں ووٹ لینے کے باوجود بلکہ ووٹوں کے اعتبار سے پاکستان کی دوسری بڑی پارٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہونے کے باوجود مسائل کو پارلیمنٹ میں حل کرنے کی بجائے سڑکوں پر حل کرنے کی ٹھان لی جائے اپنے ووٹر کو یہ نا بتایا جائے کہ اگر ایک دو لاکھ لوگ پارلیمنٹ کے سامنے بٹھانے سے مسائل حل ہوں گے اور منتخب حکومتوں کو چلتا کرنے کی روائت نے جنم لے لیا تو یہ سلسلہ کہاں جاکر رکے گا؟ جب آپ یہ بتانے سے قاصر ہوں کہ ان بیچارے کاروباری حضرات اور شہریوں کا کیا قصور جو دنوں تک آپ کے دھرنے سے ذلیل ہوں گے اور کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کریں گے؟  کل کو کوئی بھی گروہ یا پھر سیاسی پارٹی پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دے اور کہے کہ مطالبات ماننے تک نہیں اٹھیں گے تو پھر اس مملکت خداداد کا کیا انجام ہوگا؟ سب سے بڑھ کر ان لوگوں کا کی قصور جنہوں نے آپ کو لاکھوں ووٹ دئیے تاکہ آپ ان کے مسائل حل کروانے کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالیں؟  سارے سوالوں کا جواب جانتے ہوئے بھی جواب نہ دینا تو اصل تبدیلی ہے؟
جب آپ ٹی وی چینل پر آکر خود یہ مانیں کہ آپ کے جیتے ہوئے صوبے میں انوسٹمنٹ کم ترین سطح پر ہے حالانکہ الیکشن سے پہلے آپ نے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ آپ کی حکومت آتے ہی اوورسیز پاکستانی اپنے خزانوں کے منہ کھول دیں گے؟ جب آپ خود مانیں کہ خیبر میں سکولوں کی حالت بری ہے آپ کچھ نہیں کرسکے؟ ڈویلپمنٹ فنڈ استعمال ہی نہ ہوسکا؟ حالانکہ آپ نے تو خود کہا تھا کہ تمام پالیسی پیپر تیار ہیں؟ ملک کی سب سے اچھی ٹیم آپ کے پاس ہے لیکن پھر دوسری ہی سانس میں یہ بھی مان گئے کہ حکمران جماعت کی ٹیم ہماری پارٹی سے زیادہ تجربہ کار ہے؟ زرعی صوبہ ہونے کے باوجود اس کی زراعت کا برا حال ہو؟ وعدے کے مطابق بلدیاتی الیکشن کا چودہ مہینے کے بعد بھی کوئی اتا پتہ نہ ہو؟  یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟
جب ہر اس شخص، صحافی یا پھر میڈیا ہاوس کو جو آپ پر تنقید کرے یا پھر آپ کی سیاست سے متفق نہ ہو کو 'امریکی ایجنٹ' ڈالر خور'  'غدار' 'حکومتی ایجنٹ' 'بکا ہوا' کہا جائے؟ جب آپ کے ہزاروں سوشل میڈیا جہادی آپ سے سیاسی اختلاف کرنے والوں کی تکا بوٹی کردیں گالیوں کے سمندر میں آپ کے مخالفوں کو بہانے کی کوشش کی جائے؟ میری سمجھ سے باہر ہے کہ اور کس طرح کی تبدیلی آپ لوگ چاہتے ہیں؟
جب ملک میں کوئی بے اطمینانی نہ ہو، قوم حکومت کو وقت دینے کو تیار ہو باوجود اس کے حکومت کی کاکردگی بھی کوئی توپ قسم کی نہیں ہے لیکن امید کی ایک کرن ہو کہ شائد پانچ سال ملیں تو یہ حکومت اچھا پرفارم کرپائے؟ جب انٹرنیشنل ادارے بھی اکانامی کے بارے میں کچھ اچھی خبریں سنا رہے ہوں، پورا ملک دہشتگردی کی جنگ میں لگا ہو، آپ کے صوبے میں دس لاکھ IDP بیٹھے ہوں لیکن آپ کا زور وفاقی حکومت کو گرانے پر ہو، جب دس سال تک ملک میں دہشتگردی کرنے والوں کی آپ حمائت کرتے رہے ہوں جنہوں نے ہزاروں لوگوں کو شہید کیا ہو آپ اب بھی ان سے مزاکرات کے لئے تیار ہوں لیکن حکومت سے مزاکرات سے انکاری ہوں؟ یہ تبدیلی نہیں تو اور کیا ہے؟